اینٹی کرپشن سندھ بااختیار ادارہ ہے‘ بد عنوانی کے جرم کے مرتکب افراد کو قانون کی گرفت میں لا کر عدالت کے کٹہرے تک پہنچائیں گے‘ علم الدین بلو

 
0
383

حیدر آباد مارچ 3(ٹی این ایس)چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ علم الدین بلو نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن سندھ بااختیار ادارہ ہے جبکہ ہماری ذمے داری ہے کہ ہم رشوت جیسے ناسور کو ختم کر نے کے لئے پوری ایمانداری اور محنت کے ساتھ اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں اور بد عنوانی کے جرم کے مرتکب افراد کو قانون کی گرفت میں لا کر عدالت کے کٹہرے تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے سرکاری ملازمین جوعوام سے رشوت لے کر کام کرتے ہیں ان سے کسی بھی قسم کی رعایت نہیں کی جائے، چاہے وہ کتنے ہی با اثر کیو ں نہ ہو۔ ا س بات کا اظہار انہوں نے شہباز بلڈنگ، شہبازہال حیدرآباد میں ڈویژن کے تمام اضلاع کے سرکل افسران سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور زیر التوا کیسز جلد نمٹا کر معاشرے سے رشوت کا خاتمہ کریں۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن حیدرآباد محمد عثمان طاہر نے بریفنگ دیتے ہوئے چیرمین اینٹی کرپشن کو ڈویژن میں جاری کیسز، التواکا شکار کیسز اور فرد جرم عائد کے کیسز سے متعلق آگاہ کیا
جس پر چیر مین اینٹی کرپشن نے اپنے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرکل کے تمام افسران کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ماہ کے اندر اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اضلاع میں جا کر عوامی شکایات سنیں اور ان کے فور ی حل کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت بد عنوانی کے کیسز فوری طور پر عدالتوں کو منتقل کیئے جائیں اور روپوش ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے جبکہ ٹیکنیکل کیسز کی کی پیروی کے لیے قانونی ماہرین سے رابطہ کیا جائے اور کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤ میں نہ آئیں۔