ووٹ ڈالنے آیاہوں ٗیہ پارٹی امور پر بات کرنیکاموقع نہیں ٗچوہدری نثار علی خان 

 
0
284

اسلام آباد مارچ 3(ٹی این ایس) سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن)چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ووٹ ڈالنے آیاہوں ٗیہ پارٹی امور پر بات کرنیکاموقع نہیں۔ ہفتہ کو سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ کاسٹ کیا اس موقع پر مشاہد حسین سید نے سابق وزیر داخلہ کا پر جوش استقبال کیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی میں شرکت کیلئے دعوت سب ارکان کو دی جاتی ہے ٗمیں نواز شریف صاحب کے دور میں بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نہیں جاتاتھا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کیاجلاس میں شرکت نہ کرنے کی اور وجوہات ہیں۔ایک صحافی نے چودھری نثار سے سوال کیا کہ اب شہباز شریف پارٹی صدربن گئے اب آپ فرنٹ فٹ پر آئیں گے؟جواب میں چودھری نثار کا کہنا تھاکہ میں کوئی کرکٹ تو نہیں کھیل رہاکہ فرنٹ فٹ یا بیک فٹ پر جاؤں ۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کا مجھے تو کوئی ذاتی علم نہیں، ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے سیاستدان صرف باتیں کرتے ہیں روک تھام کے لئے عملی کام نہیں کررہے اگر ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے تو اداروں کا کام ہے۔ عمران خان کی تحریک انصاف میں شمولیت کی آفر بارے پوچھا کہ آپ کا دوست تو کرکٹر ہے اور اس نے آپ کو پیشکش بھی کی ہے تو انہوں نے کہا کہ عمران خان پرانے دوست ہیں ٗمیں بھی کرکٹر رہا ہوں آج کل نہ وہ اور نہ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں، ہم دونوں اکٹھے کرکٹ کھیلتے تھے۔ صحافی نے سوال کیا کہ چوہدری صاحب لوگ کچھ سننا چاہتے ہیں جس پر سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگ تو اور بھی بہت کچھ سننا اور دیکھنا چاہتے ہیں۔ جب مریم نواز کی قیادت میں کام کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ میں سیاسی سوالوں پر جواب نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں بعض دفعہ میرے بارے میں غلط خبریں دی جاتی ہیں ٗ میڈیا غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے پارٹی اجلاس کے حوالے سے بھی میاں نواز شریف سے منسوب غلط خبریں چلائی گئی تھیں ۔