سینیٹ الیکشن میں سندھ میں ہارس ٹریڈنگ کا تاثر غلط ہے ،ناصر حسین شاہ 

 
0
276

کراچیمارچ 3(ٹی این ایس) سندھ کے وزیراطلاعات ناصر حسین شا ہ نے کہاہے کہ سینیٹ الیکشن میں سندھ میں ہارس ٹریڈنگ کا تاثر غلط ہے ،منتشر قومی موومنٹ نے سوچی سمجھی اسکیم کے تحت اسطرح کے ڈرامے رچائے،ایم کیو ایم کے اپنے اراکین ان کی پالیسیوں اوراختلافات سے متنفرہیں۔ ۔ وہ سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی پر ہارس ٹریڈنگ کے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم والے کبھی لڑتے ہیں کبھی الیکشن اور جلسے کرتے اور پھر مل جاتے ہیں،منتشر قومی موومنٹ کی قلابازیوں کی وجہ سے ان کی اندرونی صورتحال خراب ہوئی اورپیپلزپارٹی کے لیے فتح کی راہ ہموارہوگئی ۔ انہوں نے کہاکہ فاروق ستار نے ٹیسوری کی تجوری ہضم کرلی ہے،انہوں نے تجویز دی کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی طرح سینیٹ الیکشن بھی سب کے سامنے شوآف ہینڈ کے ذریعہ ہونے چاہیئیں اگر ایسا ہوجائے تو الزامات بھی نہیں لگیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ارباب غلام نے آج سندھ اسمبلی آکر احسان کیا ہے ،تنخواہیں اور دیگر مراعات تو وہ پوری وصول کررہے ہیں مگراسمبلی نہیں آتے ،مجھے لگتا ہے کہ ارباب غلام رحیم کا یہ آخری سیشن ہے اس کے بعد ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔