عظیم الشان امکانات اور توقعات ہمارے دروازے پردستک دے رہے ہیں : صدر ممنون

 
0
419

کوئٹہ، مارچ  04 (ٹی این ایس): صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عظیم الشان امکانات اور توقعات ہمارے دروازے پردستک دے رہے ہیں۔ پاکستان اس وقت ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ سبی میلہ تمام علاقے کے لئے خوشگوار پیغام ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے رنگا رنگ سبی میلہ کے دوران بلدیاتی کنونشن اور اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ سبی میلہ آمد بہار اور خوشیوں کی خبر لے کر آتا ہے۔ بلوچستان میں اب حقیقی بہار آ رہی ہے اور سی پیک منصوبہ خوشحالی لائے گی، ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سورج طلوع ہورہا ہے ۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان نے کچھ عرصے مشکلات برداشت کیں لیکن اب حالات میں بتدریج بہتری آرہی ہے انہوں نے کہا کہ علاقے میں اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے میلے کی بنیاد پڑی ۔میلے میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ سی پیک کی کسی روٹ میں تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا مقصد دنیا کے دیگر خطوں کو قریب لانا ہے۔ موجودہ دور میں بلوچستان کے عوام پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ سی پیک سے پسماندہ علاقوں میں ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں کیمپس قائم کرنے کے لئے ایوان صدر کے اخراجات کم کرکے نمل یونیورسٹی کو فنڈز دیئے ہیں۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ ہمارا طرز عمل فراخدلانہ ہونا چاہئے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ روایتی طرز عمل ترک کرکے آگے بڑھا جائے۔ صدرمملکت نے کہا کہ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقے سی پیک منصوبے سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ حالات کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق چلنے والے ہی ترقی کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے اس خوبصورت خطے میں امن و استحکام کی قوتیں زور پکڑ رہی ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے عوام کویقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے مغربی روٹ میں ایک انچ کی بھی تبدیلی نہیں کی جائے گی بلوچستان کے عوام سی پیک منصوبے سے سب سے زیادہ مستفید ہوں گے۔ بلدیاتی ادارے شہری نظام اور بدلیاتی منصوبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے استفادہ کرنے کے لئے ہمیں اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان سی پیک کے آغاز کے بعد اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پانچ سے چھ ماہ میں ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سب سے زیادہ توجہ بلوچستان حکومت کی ترقی پر ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ بلدیاتی ادارے لوگوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

قبل ازیں صدر مملکت کنونشن میں شرکت کیلئے پہنچے تو قبائلی عمائدین معتبرین اور لوگوں نے معزز مہمان کا زبردست استقبال کیا اور صدر مملکت کو بلوچستان کا روایتی دستار پیش کی۔کنونشن سے صوبائی وزیر بلدیات میرغلام دستگیر بادینی، ضلعی نمائندوں اور دوسرے مقررین نے بھی خطاب کیا اور سبی میلہ کی تاریخ اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔

صدرمملکت نے سبی میلے کی اختتامی تقریب میں مختلف پروگرام دیکھیں اور میلے کی کامیاب انعقاد پر سو ل اور سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔آخر میں صدرمملکت نے صوبائی وزیربلدیات غلام دستگیر بادینی، وزیر لائیواسٹاک سیدآغا محمدرضا، سیکرٹری لائیواسٹاک اکبرحریفال ،کمشنر سبی ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ ، ڈپٹی کمشنر ذاکر ناصر اور ڈی جی لائیواسٹاک کو اعلیٰ کارکردگی پر شیلڈز پیش کیں ۔