لاہور ہائیکورٹ نے حافظ سعید کو گوفتار نہ کرنے کے احکامات میں توسیع کر دی

 
0
1565

اسلام آباد مارچ 7(ٹی این ایس)لاہور ہائیکورٹ نے جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید کی ممکنہ گرفتار ی کے خلاف درخواست پر حکومت کو جواب داخل کرنے کیلئے وقت دے دیاہے اور ساتھ ہی حافظ سعید کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات میں توسیع کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے حافظ محمد سعید کی درخواست پر سماعت کی جس میں گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔سماعت کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومت کے وکلا نے جواب داخل کرانے کے لیے وقت مانگا جس پر عدالت نے انہیں مہلت دے دی۔درخواست میں حافظ سعید کے وکیل اے ڈوگر نے دعوی کیا تھا کہ امریکا اور بھارت کے دباو پر پاکستانی حکومت ممکنہ طور پر درخواست گزار کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے جبکہ امریکا نے پاکستان کو حافظ محمد سعید کی گرفتاری کا کہہ بھی دیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت، امریکا اور بھارت کو خوش کرنے کے لیے حافظ محمد سعید کو دوبارہ گرفتار یا نظر بند کرسکتی ہے۔حافظ محمد سعید کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ صوبائی حکومت کو درخواست گزار کی گرفتاری یا نظربندی سے روکا جائے۔
جس پر لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو جواب داخل کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے حافظ محمد سعید کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات میں توسیع کر دی۔درخواست پر مزید کارروائی 4 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔