بھارتی فورسز کشمیریوں کو ایک منصوبہ بند طریقے سے قتل کر رہی ہیں‘سید علی گیلانی

 
0
361

سرینگر مارچ 8(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں، خواتین او ر معمر افراد کو ایک منصوبہ بند طریقے سے قتل کر رہی ہیں اور قابض انتظامیہ لوگوں کوتحفظ فراہم کرنے میں بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے شوپیاں چلو پروگرام کو طاقت کے بل پر روکنے کی کٹھ پتلی انتظامیہ کی کارروائی کو غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر جمہوری قرار دے کر اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہونے والے چھ نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور انکے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شوپیان مارچ کی کال دی تھی لیکن انتظامیہ نے پانبدیاں عائد کر کے یہ پروگرام ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں ظلم وجبر اپنی اتنہا پر پہنچ چکا ہے اور ایک طرف بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف ہمیں اس قتلِ عام پر ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ جہاں لوگوں کے مال وجان کا تحفظ نہ ہو، وہاں سڑکیں، پل اور دیگر مراعات کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے شوپیان کے لوگوں کی جانب سے وہاں قائم فوجی کیمپ ہٹانے کے مطالبے کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بستیوں میں جہاں جہاں بھی قابض فورسز کے کیمپ موجود ہیں ان کو فوری طور پر ہٹایا جائے، کیونکہ بستیوں میں فوجی کیمپوں کی موجودگی سے وہاں کی آبادی کے جان ومال اور عزت وآبرو ہمیشہ نشانے پر رہتے ہیں۔سید علی گیلانی نے ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، محمد شفیع شریعتی اور دیگر نظر بندوں کی جموں خطے کی جیلوں میں منتقلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا کوئی جواز جواز نہیں ہے لہذا انہیں فوری طور پر مقبوضہ وادی کی جیلوں میں واپس لایا جائے۔ حریت چیئرمین نے تہاڑ جیل میں نظر بند حریت رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو جرمِ بے گناہی کی پاداش میں صرف انتقام گیری کے تحت وہاں بند کردیا گیا ہے۔
سیدعلی گیلانی نے بھارتی حکمرانوں پر واضح کیا کہ جموں کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے جبکہ اقوام متحدہ نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے متعدد قراردادیں پاس کر رکھی ہیں جن پر بھارتی حکمرانوں کے دستخط بھی موجود ہیں ۔ حریت چیئرمین نے بھارتی فورسز کی قتل وغارت گری، ظلم وجبر، مار دھاڑ، گرفتاریوں اور حریت رہنماؤں کی گھروں، جیلوں اور تھانوں میں نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا موقع نہیں دیا جاتا اس وقت تک وہ اپنی جدوجہد کو جاری وساری رکھیں گے۔