پاکستان نے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ اقدامات کئے ہیں ، امریکہ کے ساتھ برابری اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

 
0
393

اسلام آباد، مارچ 08 (ٹی این ایس): دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ اقدامات کئے ہیں اوروہ امریکہ کے ساتھ برابری اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتاہے۔
جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے اور سیکرٹری خارجہ کاحالیہ دورہ امریکہ اسی بات کی دلیل ہے ۔

ڈاکٹر فیصل نے بھارت کی ایل او سی پر جنگ بندی کی آئے روز خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ یہ مسئلہ بات چیت اور سفارتی طریقے سے حل کیا جائے ۔
انھوں نے اعداد و شمار دیتے ہوئے کہا بھارت نے 2018 میں 418 مرتبہ سے زائد لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 18 افراد شہید اور61 زخمی ہوئے ۔
انھوں نے واضع کیا ہے کہ بھارت کی جارحانہ روش کے باوجود پاکستان کشمیر کے مسئلے سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹے گا ۔انھوں نے قابض بھارتی فوجیوں کےہاتھوں حالیہ دنوں میں 8 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس بدترین ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر حل کرانے کے اقدامات کریں۔
انھوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اندھی دشمنی اور معاندانہ روز کے باوجود پاکستان خیر سگالی اور انسانی بنیادوں کے حامل کئی اقدامات کئے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ شام کے شہر غوطہ میں پھنسے پاکستانی جوڑے کو وہاں سے نکال لیا گیا ہے اور اب وہاں کسی پاکستانی کی موجودگی کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین کے درمیان ما معنی مذاکرات کے ذریعہ شام کے سنگین مسلہ کا فوری حل چاہتا ہے۔
آسیہ بی بی سے متعلق انھوں نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے اس ضمن میں کوئی دھمکی نہیں دی گئی ہے اور پاکستان کو یورپی یونین سے میسر جی ایس پی سٹیٹس آسیہ بی بی سے منسلک نہیں ہے۔