پی ایس ایل تھری: 19ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں کراچی کنگز کو 67رنز سے شکست

 
0
588

دبئی، مارچ 09 (ٹی این ایس): پاکستان سپر لیگ کے 19ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 67رنز سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے جو ڈینلی کے ساتھ شاہد آفریدی کو اوپنر بھیجا گیاتاہم یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکتا اور آفریدی صرف ایک رن بناکر آﺅٹ ہوگئے، جو ڈینلی بھی صرف ایک رن ہی بناسکے۔

کوئٹہ کی جانب سے شاندار گیند بازی کا سلسلہ جاری تھا اور ایسے میں کولن انگرام نے بڑا شاٹ مارنے کی کوشش کی تاہم حسان خان کی گیند پر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے ،روی بوپارا پہلی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔کراچی کنگز کا مطلوبہ رن ریٹ بڑھ رہا تھا، ایسے میں بابر اعظم نے شین واٹسن کی گیند پر بڑا شاٹ مارنے کی کوشش کی تاہم انور علی نے شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا اختتام کردیا۔

کپتان عماد وسیم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے مابین 34رنزکی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد عماد وسیم35رنز بنا کر عثمان شنواری کا شکار بن گئے،انور علی نے پہلے ڈیوڈ ویئیسے اور پھر عرفان جونیئر کو ایک ہی اوور میں پوویلین واپس بھیجا،کراچی کی ٹیم مقررہ اوور ز میں 8وکٹوں پر 113رنز بنا سکی ، محمد رضوان 26رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔کوئٹہ کی جانب سے انور علی اور راحت علی نے دو ، دو جبکہ نواز ، واٹسن ، لیافن اور حسان نے ایک ایک وکٹ لی ۔

اس سے قبل شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کی شاندار بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 181 رنز کا ہدف دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو واٹسن اور اسد شفیق کی جانب سے 60 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا گیا۔اسد شفیق نے کم بیک کررہے شاہد آفریدی کے اوور کی پہلی دو گیندوں پر چوکے لگائے تاہم اسی اوور میں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اسکے بعد کریز پر شین واٹسن کو کیون پیٹرسن نے جوائن کیا جنہوں نے کوئٹہ کے گیندبازوں کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی۔

دونوں کے درمیان 86 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔پیٹرسن 34 گیندوں پر 52 رنز کے انفرادی سکور پر عثمان شنواری کی گیند پر روی بوپارا کے ہاتھوں آﺅٹ ہوگئے۔پیٹرسن کے آﺅٹ ہونے کے بعد ریلی روسو (13) اور انور علی (6) بھی جلدی آﺅٹ ہوگئے تاہم واٹسن (*90) کا بلا رنز اگلتا رہا اور اپنی ٹیم کو 180 رنز کے سکور پر پہنچانے میں کامیاب رہے۔کراچی کی جانب سے شاہد آفریدی، محمد عامر، عرفان جونیئر اور عثمان شنواری ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔