اسلام آباد مارچ 10(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ اگر سینیٹ چیئرمین کیلئے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اپنا امیدوار لے کر آئی تو وہ اس کے ذریعے سیاسی فائدہ حاصل کرے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جس نے اس ملک کو تباہ کر کے رکھ دیا اور اب جس طرح سے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہ انتہائی شرمناک بات ہے، لہذا اسے کسی صورت بھی جمہوریت کی علمبردار سیاسی جماعت تصور نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف بہت واضح ہے اور ہم سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کو کسی صورت میں بھی کامیابی حاصل کرنے نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کی حمایت کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سینیٹ میں کامیابی کی صورت میں (ن) لیگ اپنے تمام سابقہ داغوں کو صاف کرنے کی کوشش کریگی تاکہ یہ 2018 کے انتخابات میں عوام کو دھوکہ دے کر ایک مرتبہ پھر سے اقتدار پر قبضہ کرسکیں اور ایسا اب ہم ہونے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ سینیٹ چیئرمین کیلئے تحریک انصاف نا تو مسلم لیگ (ن) اور نا ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کریگی اور اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ اس عہدے کے لیے بلوچستان کے آزاد گروپ سے کسی امیدوار کا انتخاب کرنا چاہیے۔شفقت محمود نے کہا کہ ان کی جماعت کی بلوچستان کے علاوہ فاٹا کے بھی آزاد سینیٹرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور خواہش ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اس عہدے کے لیے کوئی امیدوار لے کر آئیں جس کی ہم بھرپور حمایت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان اور فاٹا سے کوئی امیدوار نہیں آتا تو اس صورت میں بھی ہم پیپلز پارٹی کا ساتھ ہرگز نہیں دیں گے، کیونکہ یہ تحریک انصاف کا اصولی فیصلہ ہے، جس سے کسی قیمت پر بھی پیچھے نہیں ہٹا جائیگا۔