توہین عدالت ٗدانیال عزیز پر فرد جرم عائدکر دی گئی ٗ وفاقی وزیر کا صحت جرم سے انکار 

 
0
409

اسلام آباد مارچ 13(ٹی این ایس) سپریم کورٹ نے وفاقی وزیردانیال عزیز پر توہین عدالت کی فرد جرم عائدکر دی ،دانیال عزیز نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ منگل کو جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔جسٹس مشیر عالم نے دانیال عزیز کے وکیل کو فرد جرم کی چارج شیٹ پڑھ کر سنائی تو انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔عدالت عظمیٰ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ دانیال عزیز، عدالت اور ججز کو اسکینڈلائز کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دانیال عزیز نے انصاف کی راہ روکنے کی کوشش کی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دانیال عزیز نے 8 ستمبر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب ریفرنس سپریم کورٹ کے نگران جج نے نیب لاہور کو طلب کر کے ریفرنس کیلئے تیار کیا جبکہ 15 دسمبر کو دانیال عزیز نے کہا تھا کہ جہانگیر ترین کو سزا دے کر عمران خان کو بچانا مقصود تھا۔فرد جرم میں بتایا گیا کہ دانیال عزیز کی جانب سے کہا گیا کہ یہ سب سکرپٹ کے مطابق کیا گیا ٗاس کے علاوہ 31 دسمبر کو دانیال عزیز نے کہا تھا کہ جسٹس اعجاز الاحسن کو بتانا ہوگا کہ کیپیٹل ایف زید ای کی بات ان تک کہا سے پہنچی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی کو ایف زیڈ ای سے متعلق تحقیقات کا کہا گیا تھا۔فرد جرم میں کہا گیا کہ ایک انٹرویو کے دوران آپ نے کہا کہ جہانگیر ترین کی نااہلیت کا فیصلہ عمران خان کو بچانے کیلئے ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے فرد جرم پڑھ کر سنائی کیا وہ آپ نے سمجھ لی جس پر دانیال عزیز نے جواب دیا جی میں نے سمجھ لی ہے تاہم صحت جرم سے انکار کرتا ہوں جس کے بعد عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہ اور شہادتیں طلب کرلیں۔سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کیس کی سماعت 26 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔واضح رہے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تیرہ مارچ کی تاریخ مقرر کی تھی۔دانیال عزیز نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ درخواست گزار پاکستان کے آئین کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے اور کبھی ریاستی اداروں کی توہین و تضحیک کا سوچ بھی نہیں سکتا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔