پنجاب کی ساری ترقی کا سہرا وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے سر جاتا ہے پنجاب کی ”گریٹ سٹوری“مجھے ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی،عالمی شہرت یافتہ ایجوکیشنسٹ سر مائیکل باربر

 
0
410

لاہور مارچ 23(ٹی این ایس) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی زیر صدارت سہ ماہی اجلاس ہوا ہے جس کی صدارت انہوں نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لندن سے سہ ماہی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا اور تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ڈویلپمنٹ کا بذات خود جائزہ لیا۔ تقریبا تین گھنٹے دورانیے پر مشتمل تقریب میں وزیر تعلیم رانا مشہود، وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور دیگر سرکاری افسران نے حصہ لیا۔ اس سہ ماہی جائزے میں عالمی شہرت یافتہ ایجوکیشنسٹ اورڈیفڈ کے مینجنگ پارٹنر ، ڈلیوری ایسوسی ایٹ سر مائیکل باربر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان میں بالخصوص پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبہ میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ساری ترقی کا سہرا وزیراعلی پنجاب کے سر جاتا ہے۔شہباز شریف کی قیادت نے بہت متاثر کیا ہے ، پنجاب کی ”گریٹ سٹوری“مجھے ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔ یہ پنجاب میں ترقی کے سفر کا آغاز ہے ، انجام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی تعلیم اور صحت کو ترجیح دیتے ہوئے توجہ اور ارتکاز پر ہمیشہ حیرت زدہ ہوا ہوں۔ پنجاب نے بہت سارے اختراعی اقدامات کر کے سبقت حاصل کر لی۔بہت سے لوگ سمجھتے تھے کہ یہ اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے لیکن حکومت پنجاب نے یہ کر دکھایا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو اینٹ گارے سے نکال کر سکول لیجانا وزیر اعلی پنجاب کا متاثر کن اقدام ہے۔اجلاس میں صحت کے شعبے میں ہونے والی انقلابی تبدیلیوں کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا گیا اور ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی، سٹی سکین مشینوں کی تنصیب، موبائل ہیلتھ یونٹ کی پرفارمنس، ٹیچنگ سکولز کی کارکردگی اور دیگر امور پر خادم پنجاب کو رپورٹ پیش کی گئی اسی طرح تعلیم کے شعبہ میں سکولوں کی کارکردگی، نئے اسکولوں کی تعمیر، دیہی علاقوں میں بچوں کی انرولمنٹ، اساتذہ کی ٹریننگ اور غریب اور مستحق طلبہ کو پیف کے ذریعے ملنے والے سکالرشپ پر وزیراعلی کو رپورٹ کیا گیا ۔