یمنی حوثیوں کا الحدیدہ کی بندرگاہ سے مغرب میں سعودی آئیل ٹینکر پر حملہ ناکام 

 
0
8030

ریاض،04اپریل(ٹی این ایس):سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اطلاع دی ہے کہ یمن کی بندرگاہ الحدیدہ کے نزدیک ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے سعودی عرب کے تیل کے ایک ٹینکر پر حملہ کیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ الحدیدہ کی بندرگاہ کے مغرب میں بین الاقوامی پانیوں میں سعودی عرب کے آئیل ٹینکر کو حملے میں نشانہ بنایا لیکن عرب اتحاد کے ایک بحری جہاز نے اس حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ترجمان نے کہاکہ اس حملے میں سعودی آئیل ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا ہے ۔اس کے بعد اس نے عرب اتحاد کے بحری جہاز کی معیت میں شمال کی جانب اپنا سفر جاری رکھا ہے۔کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ اس حملے سے بحیرہ احمر اور آبنائے باب المنداب میں جہاز رانی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے خطرات پیدا ہوگئے ہیں اور مسلسل ایسے حملوں سے ان ملیشیاؤں اور ان کے پشتیبان ممالک سے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو لاحق خطرات کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حدیدہ کی بندرگاہ ابھی حوثی ملیشیا کے کنٹرول میں ہے اور اس کو بحری جہازوں پر حملوں اور میزائل اور دوسرے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ اتحادی فورسز کی قیادت ایسے خطرات سے نمٹنے اور یمن کے علاوہ علاقے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔ اس کے علاوہ وہ آبنائے باب المنداب اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی اور تجارتی بحری جہازوں کی آزادانہ آمد ورفت کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔