مطالعے سے محبت اور لائبریریوں سے رغبت کا عمل فرد اور معاشرہ دونوں کو وقار بخشتا ہے۔صدرمملکت ممنون حسین

 
0
598

اسلام آباد اپریل04(ٹی این ایس) صدرمملکت ممنون حسین نے قومی کتاب میلہ کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالعے سے محبت اور لائبریریوں سے رغبت کا عمل فرد اور معاشرہ دونوں کو وقار بخشتا ہے۔ کتاب انسانی فکروشعور کو بلندی اور پختگی عطاکرتی ہے اور معاشرے میں اعتدال، رواداری وبرداشت جیسی روایات کو مضبوط کرکے اس دنیا کو رہنے کے قابل بنادیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے زیراہتمام قومی کتا ب میلہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ نواں سالانہ قومی کتاب میلہ جمعہ (کل) سے پاک چائنا سینٹر میں شروع ہورہا ہے۔ صدرمملکت نے پیغام میں کہاکہ فروغ کتب بینی کے لئے قومی سطح پر نیشنل بُک فاﺅنڈیشن کا سالانہ کتاب میلہ ایک شاندار روایت کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ اس قسم کے ادبی تہوار اب دوسرے اداروں میں بھی منائے جارہے ہیں جو خوش آئند ہے۔

کتابوں کے حوالے سے اس طرح کی سرگرمیاں اور اجتماعات قومی اتحاد ویگانگت، امن واخوت اور خوشحالی کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہاکہ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن نے مختصر عرصے میں اپنے زیرانتظام علمی، ادبی اور تاریخی وثقافتی اداروں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ یہ پہلو طمانیت بخش ہے کہ اب یہ ادارے اپنے مقاصد کے لئے عزم نو کے ساتھ سرگرم عمل ہوچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور نیشنل بُک فاﺅنڈیشن کتاب کے ذریعے جہالت کے خلاف برسرپیکار ہیں اور نوجوانوں کو پرامن انقلاب کی نوید دے رہے ہیں۔ 6 اپریل کو پاک چائنا سینٹر میں میلے کا آغاز کتاب پرچم لہرانے کی تقریب سے ہوگا اور اسکولوں کے بچے کتاب کا ترانہ پیش کریں گے۔ میلے میں 110نجی ناشرین حصہ لے رہے ہیں جبکہ کل سٹالز کی تعداد 129ہے۔
جہاں ادب، سائنس، ٹیکنالوجی، حالات حاضرہ، تاریخ، حکمت ودانائی، فلسفہ، سوانح، سفرناموں اور دینی علوم سمیت ہر موضوع کی کتب رکھی جائیں گی جو 10 فیصد، 25 فیصد،33 فیصد، 40 فیصد اور 55 فیصد رعایتی قیمت پر فروخت کی جائیں گی۔ اس مرتبہ چین، ترکی اور ایران بھی میلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ لکی بُک ڈراکے ذریعے میلے میں آنے والوں میں مختلف انعامات تقسیم کئے جائیں گے جبکہ ریڈرز بُک کلب، موبائل بُک شاپ، ماڈل لائبریری بھی میلے کے شرکاءکے لئے فراہم ہوں گی۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی ہدایت پر اس مرتبہ شکایات اور مانیٹرنگ سیل قائم کیاگیا ہے جبکہ فری میڈیکل کیمپ، موٹروے پولیس ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں۔ میلے کے دوران رنگاررنگ تقاریب ہوں گی۔ ان میں کتاب خوانی، علم وادب سے متعلق مختلف موضوعات پر کارنفرنسیں، ورکشاپس، ،مذاکرے اور دیگرپروگرام شامل ہوں گے۔ بچوں کے لئے کڈزریپبلک، گوگی شو،کوئز سیشن، تخلقی نگارشات کامقابلہ، بُک کلرنگ، ٹیبلو اور کتاب کہانی جیسی سرگرمیاں شامل ہیں۔

میلے میں خطاطی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیاگیا ہے جہاں طلبہ وطالبات کو خطاطی کے اصول وضوابط سکھائے جائیں گے۔ پاک چائنا کوریڈور اور توانائی وآبپاشی سیکٹر، علامہ اقبال اور جدید دور، اردو افسانہ اور عصری حسیت، افسانوی مجموعوں کی روشنی میں، کتب تاریخ اور تاریخ نویسی کافن، تدریس قرآن بطور نصاب، ڈرامہ، زندگی اور کتاب، پاکستانی کتابوں کا تصنیفی ادب سمیت دیگر موضوعات پر تقاریب اور مذاکرے ہوں گے۔ فاروق عادل کی تصنیف ’جو صورت نظرآئی‘، محمد حمید شاہد کی ’اردو فکشن:نئے مباحث‘،ظفراللہ خان کی تحریرکردہ ’کسی اور زمانے کا خواب‘ سمیت مختلف کتابوں کی تقاریب رونمائی بھی ہوں گی۔ میلہ 9 اپریل تک جاری رہے گا۔