بین الاقوامی برادری کو آزادی کی تحریک اور دہشتگردی کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہئے‘وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

 
0
328

راولپنڈی،06اپریل(ٹی این ایس):آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات، سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارت کے ریاستی جبر و تشدد کا نوٹس لیں، مظلوم کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل در آمد یقینی بنا نے کیلئے عالمی برادری پر دباؤ بڑھائیں اور ان ممالک کے حکمرانوں کا ضمیر جگائیں۔ ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان پر فخر ہے پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کے آئے روز قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالی پر سیخ پا ہو جاتی ہے کیونکہ پاکستانی اور کشمیری عوام مذہبی، ثفافتی، تاریخی اور نظریاتی طور پر ایک مضبوط زنجیر میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پر امن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد ہے جسے کسی صورت میں دبایا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کوکامیاب بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کر یں بین الاقوامی برادری کو آزادی کی تحریک اور دہشتگردی کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کی ایک کڑی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اس بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی پامالی کی بد ترین مثال ہے جبکہ اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو جائز حق دینے کا با قاعدہ یقین دلایا ہے۔ مگر افسوس کہ مظلوم کشمیری عوام کی خواہشات کی تکمیل نہیں کی جا رہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام جدوجہد آزادی کو ہر سطح پر جاری رکھیں گیاور اس سلسلے میں بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔