توہین عدالت کیس، طلال چودھری کے وکیل نے عدالت سے معاملہ درگزر کرنے کی استدعا کردی

 
0
379

اسلام آباد،06اپریل(ٹی ا ین ایس):سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران طلال چودھری کے وکیل نے معاملے کو درگزر کرنے کی استدعا کردی۔تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔طلال چودھری کے وکیل کامران مرتضیٰ نے دوران سماعت استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت معاملے کو درگزر کر دے، توہین عدالت کے مقدمے میں دفاع کرنا اچھا نہیں لگتا۔جسٹس اعجازافضل نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے کیس لیا ہے تواسے بھرپوراندازمیں پیش کریں، اپنے فرض کی ادائیگی میں کسی قسم کی شرمندگی محسوس نہ کریں، ہمارا مقصد صرف قانون پرعملدرآمد کرنا ہے۔کامران مرتضیٰ نے کہا کہ یہ کیس عاصمہ جہانگیرکا تھا مجھے وارثت میں ملا ہے، توہین عدالت کیس میں بطوروکیل پیش ہونا بڑا مشکل کام ہے۔جسٹس اعجازافضل نے ریمارکس دیئے کہ آپ پروقارطریقے سے اپنا کیس لڑیں، ہمیں بخوبی اندازہ ہے آپ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔