ملزمان کو آسمان نگل گیا یا زمین کھا گئی،چیف جسٹس کاآئی جی کو صحافی ذیشان بٹ کے قاتلوں کو چار روز میں گرفتار کرنیکا حکم

 
0
324

لاہور ،07اپریل(ٹی این ایس):چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو صحافی ذیشان بٹ کے قاتلوں کو چار روز میں گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ہفتے کراچی میں بیٹھنا تھا لیکن اس کیس کے لیے لاہور رجسٹری میں بیٹھیں گے ۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہ میں جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صحافی ذیشان بٹ قتل پراز خود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز،ڈی پی او سیالکوٹ سمیت دیگر اعلیٰ افسران عدالت کے رو برو پیش ہوئے ۔ سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے ملزمان کی گرفتاری سے متعلق استفسار کیا جس پر آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان اب تک گرفتار نہیں کئے جاسکے تاہم ایک ہفتے میں انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا ملزمان ابھی تک گرفتار کیوں نہیں ہوئے انہیں آسمان نگل گیا یا زمین کھا گئی۔ملزمان کا تعلق کس جماعت سے ہے اور انہیں کس کی حمایت حاصل ہے۔ جس پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے لیکن ملزمان کو کسی کی بھی حمایت حاصل نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے کیا یہ کم ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے جس پر آئی جی پنجاب نے کہا جی ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے ہیں۔ چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کی ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے سات روز کی مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو چار روز میں گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے کراچی بیٹھنا تھا لیکن اس کیس کے لیے لاہور رجسٹری میں بیٹھیں گے ۔