اسلام آباد ،07اپریل(ٹی این ایس): علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رہائشی کالونی کے گراؤنڈ میں سالانہ ” سپورٹس گالا 2018ء “آئندہ ہفتے شروع ہوگا۔سیکریٹر ی سپورٹس کمیٹی ٗ سجاد احمد کے مطابق سپورٹس گالا میں مختلف ٹیموں کے مابین کرکٹ ٗ فٹ بال ٗ والی بال اور ٹیبل ٹینس کے میچز کھیلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے خواہشمند ملازمین /کھلاڑیوں سے 9۔اپریل تک ٹیمیں رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔سپورٹس گالا کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے گالا کے پہلے مرحلے میں کرکٹ اور ٹیبل ٹینس کے کھیلوں میں راولپنڈی/اسلام آباد ریجن کے طلبہ کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔علاوہ ازیں وائس چانسلر نے ملک گیر سطح پر سپورٹ سرگرمیوں کے فروغ اور یونیورسٹی کے 13لاکھ طلبہ کو سپورٹس کے مواقع فراہم کرنے کے لئے 44۔شہروں میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نیکہا کہ اوپن یونیورسٹی صحت مند اور مثبت رجحانات کے فروغ کے لئے گذشتہ ساڑے تین سال سے سپورٹس کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعات لرننگ ادارے ہوتے ہیں لیکن کھیلوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ صحتمنددماغ بنانے کے لئے صحتمند جسم بنیادی ضرورت ہے جو کھیلوں کے بغیر ممکن نہیں ہوتا ہے۔کنوینر سپورٹس کمیٹی ٗ ڈاکٹر فضل الرحمن نے کہا کہ کھیلوں کے لئے ضروری ساز و سامان کی فراہمی اور کالونی گراؤنڈ کو مختلف کھیلوں سے آباد کرنے پر ہم وائس چانسلر کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔