تنگوانی میں ایک اور بچی خسرہ کی وباء کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن گئی، تعداد نصف درجن ہوگئی

 
0
1035

تنگوانی، اپریل 09 (ٹی این ایس): تنگوانی کے قریب گاؤں گل محمد گاڈہی میں بھی ایک تین سالہ بچی خسرہ کی وباء کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق 3سالہ سمیران ولد گلشیر گاڈھی خسرے کا شکار تھی اور گذشتہ روز بروقت اور مطلوبہ علاج نہ ملنے کے باعث فوت ہوگئی۔ بچی کی وفات پر گاؤں میں کہرام مچ گیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایک روز قبل ہی غوثپورکے قدیمی جامع مسجدمحلہ میں خسرہ کے باعث ایک اور بچی جان سے چلی گئی تھی۔ سمیران ولد گلشیر گاڈھی ان تقریبا نصف درجن بچوں میں شامل ہوگئی ہے جو گذشتہ چند روز کے دوران اس وباء اور خاص طور پر حکومتی بے حسی اور نااہلی کے با عث لقمہ اجل بن گئے۔
اطلاعات کے مطابق خسرہ کے باعث علاقہ میں درجنوں بچے وباءمیں مبتلاہیں تاہم محکمہ صحت کی ٹیمیں ابھی تک علاقہ میں نہیں پہنچ رہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے ہنگامی بنیادوں پرخسرہ کی ویکسین کرائی جائے۔