قصور:عدلیہ پر تنقید کی پاداش میں ایم این اے شیخ وسیم اختر اور ایم پی اے حاجی نعیم صفدر انصاری سمیت 70/80(ن) لیگی کارکنان کے خلاف دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے گئے

 
0
968

دو بلدیاتی کونسلرز سمیت40 لیگی کارکنان گرفتار کر لئے گئے:ڈی پی اوقصور

قصور، اپریل  18 (ٹی این ایس):  ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے کہا کہ 13اپریل کو شہر قصور میں مقامی ایم این اے شیخ وسیم اختر کی زیر قیادت نکالی جانے والی ریلی میں پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے پر آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز نے سخت نوٹس لیا اوران کے حکم پر مقامی ایم این اے اور ایم پی اے سمیت 70 تا  80(ن) لیگی کارکنان کے خلاف دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،کسی شخص کوملک کی اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور نازیبا الفاظ کا استعمال کرکے امن وامان کی صورتحال میں بگاڑ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں  مختلف ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں پولیس کی ٹیموں نے دو بلدیاتی کونسلر سمیت40کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے بقایا کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ،انہوں نے مقدمات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلا مقدمہ تھانہ اے ڈویژن قصور میں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کانسٹیبل عبدالرشید نے درج کروایا کہ مورخہ 13اپریل کو تقریباً تین ،چار بجےشام مسلم لیگ (ن)کے کارکنان تعداد70/80 نے شیخ وسیم اختر ایم این اے ،ایم پی اے نعیم صفدر انصاری کی قیادت میں  سابق وزیراعظم پاکستان کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف شہبازروڈ سے ایک احتجاجی ریلی نکالی،شرکاء ریلی نعرہ بازی کرتے ہوئے کشمیر چوک فیروز پور روڈ پہنچے جہاں انھوں نے ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کردی۔ اس موقع پر قامی ایم این اے اور ایم پی اے نے شرکاء سے خطاب کیا اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف فیصلہ دیاجانے پر عدلیہ اور اداروں پر تنقید کی،مزید برآں ناصر محمود چیئرمین بیت المال قصور اورجمیل احمد چیئرمین مارکیٹ کمیٹی قصور نے بھی چیف جسٹس آف پاکستان اور حکومتی اداروں کے خلاف سخت تنقیدونعرہ بازی اور گالی گلوچ کی جس پر مقدمہ197/18بجرم 166/506/341/228/109/147/189ت پ درج رجسٹر ہوا۔

دوسرا مقدمہ شہری حبیب الرحمان کی طرف سے دی گئی درخواست زیر دفعہ 198/18 برخلاف ایم این اے شیخ وسیم اختر، ایم پی اے نعیم صفدر انصاری،ناصر محمو د خان چیئرمین بیت المال، جمیل خان،ایاز خان چیئرمین تحصیل کونسل قصور ودیگر 50،60 نامعلوم افرادکے خلاف درج کیا گیا.