رحیم یار خان اپریل20(ٹی این ایس) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سازش کے تحت اداروں کے خلاف بات کی جارہی ہے، حکمران احتساب میں نہیں بلکہ ختم نبوت کے خلاف چور دروازے سے کام کرنے پر اللہ کی پکڑ میں آئے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جب تک کرپٹ لوگ نہیں نکلیں گے تب تک غیر آئینی اقدام اور طالع آزماؤں کا خطرہ رہے گا، سازش کے تحت اداروں کے خلاف بات کی جارہی ہے۔ جس ملک میں جج کے گھر پر ایک رات میں 2 بار فائرنگ ہو وہاں غریب کیسے محفوظ ہوسکتے ہیں، گوجرانوالہ کے ڈی سی کو پنکھے سے لٹکا دیا، پھر کہتے ہیں بہت زبردست گورننس ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران احتساب میں نہیں بلکہ ختم نبوت کےخلاف چور دروازے سے کام کرنے پر اللہ کی پکڑ میں آئے ہیں، سوائے ان کے سارے مولیوں نے ختم نبوت ﷺ کے خلاف ووٹ دیا اور مولانا فضل الرحمان نے پہلی مرتبہ اس معاملے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سارے ممبران قومی اسمبلی بھیڑ بکریاں ہیں، دنیا کی تاریخ میں کسی آدمی کا اسپیکر اتنی مرتبہ بند نہیں ہوا جتناان کا ا ہوا۔ ختم نبوت ﷺ کے موقع پر اسمبلی میں ٹائم ملا تو تڑکا لگادیا اور ایسا لگایا کہ انہوں نے پھر معافیاں مانگیں۔انہوں نے کہا وہ زمانہ طالبعلمی سے پنجاب کو تقسیم کرنے کا مطالبہ کرتے چلے آرہے ہیں کیونکہ پنجاب کی بدمعاشی ختم ہونی چاہیے۔ شیخ رشید نے اعلان کیا کہ عوامی مسلم لیگ عمران خان کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔













