ملک و قوم کی خدمت کی بناءپر پاکستان کے دشمن ہم پر پابندیاں لگاتے ہیں، سیف اللہ خالد

 
0
678

پشاور،اپریل 21(ٹی این ایس):ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خدمت کی بناءپر پاکستان کے دشمن ہم پر پابندیاں لگاتے ہیں۔ پاکستان کے مضبوط و مستحکم ہونے سے حرمین شریفین کو تحفظ ،کشمیریوں کو حوصلہ ،قبلہ اول کو آزادی ملے گی۔پاکستانی قوم کو فرقہ واریت سے نکال کر نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحاد قائم کریں گے۔ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا محاسبہ ہونا چاہئے۔پاکستان کی نظریاتی اساس اورجغرافیائی حدودکا تحفظ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حجرہ حاجی امین اللہ صاحب طوطی خیل بڈھ بیر پشاور میں نظریہ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ملی مسلم لیگ خیبر پختونخواہ کے صدر حاجی لیاقت علی خان و دیگر بھی موجود تھے۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اورناقابل تسخیر بنا نے کے لئے جدوجہد کرنی ہے۔آج سیاستدان معاشی طور پر مضبوط ہیں۔وہ اپنی دولت،گھر سب بیرون ملک بناتے ہیں۔ان حقیقتوں کو سمجھنا چاہئے۔جن کو ہم ووٹ دیتے ہیں وہ اپنے خزانے بھرنا شروع کر دیتے ہیں اس سے ملک کی معاشی حالت کمزور ہوتی ہے۔آج ہم اسی وجہ سے بحرانوں سے دوچار ہیں۔ملی مسلم لیگ نے عزم کیاہے کہ پاکستان کی نظریاتی اساس،جغرافیائی حدود کا تحفظ کریں گے اسی طرح پاکستان کے خزانے کا بھی تحفظ کریں گے۔

اللہ نے پاکستان کو اتنے وسائل،خزانے دیئے ہیں کہ اگر صحیح معنوں میں استعمال کریں اور دولت کو مساوی سطح پر تقسیم کرنے والے بنیں تو چند مہینوں،سالوں میں غربت کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔حقداروں کو ان کا حق دہلیز پر پہنچانے کا اہتمام کر سکتے ہیں۔اور ہم پاکستان کے سارے معاشی مسائل حل کر سکتے ہیں۔دنیا کے سامنے جھولی پھیلانے کے بجائے دنیا کو دینے والے بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کرسی کے لالچ اور اقتدار کی حرص کے لئے میدان سیاست میں نہیں آئے بلکہ ہم خدمت کا جذبہ لیکر سیاست کے میدان میں آئے ہیں۔ آج اپنے اور بیگانے ہمیں برداشت نہیں کر پا رہے اور آئے روز ملی مسلم لیگ پر پابندیاں لگائی جاتی ہیں۔ پاکستان میں ساڑھے تین سو سیاسی و مذہبی پارٹیاں ہیں ان پارٹیوں پر پابندیاں کیوں نہیں لگتیں ؟ آج تک ان ستر سالوں میں امریکہ نے کسی پارٹی پر پابندی نہیں لگائی۔ وہ یہ سمجھتے ہیں اگر ان کو روکانہ گیا تو یہ پاکستان میں سیاست کے دھارے کو بدل دیں گے یہ بائیس کروڑ پاکستانیوں کو خدمت کے جذبے سے اپنے ساتھ کھڑا کر لیں گے۔اور ان کو معلوم ہے کی ان لوگوں کے سیاست میں آنے سے ہمیں اپنی سازشوں کے راستے نہیں ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ نے اتحادکا فریضہ انجام دینا ہے ہم نے پوری قوم کو متحد کر کے پاکستان کو ایک عظیم نا قابل تسخیر ریاست بنانا ہے آج اگر پاکستان نا قابل تسخیربنتا ہے تو پاکستان کے مضبوط و مستحکم ہونے سے حرمین شریفین کو بھی تحفظ ملے گا، ہمارا قبلہ اول بھی آزاد ہو گا، پاکستان کے مضبوط ہونے سے کشمیریوں کوحوصلے ملتے ہیں، پاکستان کے مضبوط ہونے سے فلسطینیوں کو جرات نصیب ہو گی پاکستان کے مضبوط ہونے سے مشرق و مغرب میں بسنے والے 2 ارب سے زائد مسلمانوں کو طاقت جرات و حوصلہ نصیب ہوتا ہے۔