ڈاکٹر توقیر شاہ کی بطور سفیر جنیوا میں تقرری کا نوٹس لیا جانا اور انکی آئندہ سماعت پر طلبی  خوش آئند ہے : خرم نواز گنڈا پور

 
0
588

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعلیٰ  اور وزیر اعظم ہاؤس کے درمیان سہولت کار تھے

احد چیمہ،ڈاکٹرتوقیر شاہ اور فواد حسن فواد کے پاس شریفوں کا سارا کچا چٹھا ہے،گفتگو

اسلام آباد، اپریل  21 (ٹی این ایس):  پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے  وزیر  اعلیٰ شہباز شریف کے منظور نظر اور کار خاص بیوروکریٹ ڈاکٹر توقیر شاہ کو بطور سفیر جنیوا میں تقرری کا نوٹس لئے جانے اور اسکی آئندہ سماعت پر طلبی کو  خوش آئند  قرار دیتے ہوئے  کہا ہے  کہ  ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کروانے پر بطور انعام ڈاکٹر توقیر شاہ کو سفیر بنایا گیا حالانکہ اسکے پاس سفارت کاری کا نہ کوئی تجربہ تھا اور نہ ہی وہ اسکے اہل تھے، شریفوں نے منظور نظر سرکاری افسروں سے غیر قانونی کام لے کر بطور رشوت انہیں اعلیٰ عہدوں سے نوازا۔

ہفتے کو  عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر توقیر شاہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار ہیں کیونکہ سلسلہ میں وہ  وزیر اعلیٰ  اور وزیر اعظم ہاؤس کے درمیان سہولت کار تھے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ڈاکٹر توقیر شاہ کی خلافِ میرٹ غیر قانونی تقرری کی چھان بین سے شریفوں کے بہت سارے راز طشت از بام ہونگے۔ صرف ڈاکٹر توقیر شاہ کو ہی پر کشش تقرری سے نہیں نوازا گیا بلکہ ایس پی طارق عزیز،ڈی آئی جی رانا عبد الجبار،ایس پی سلیمان،ایس پی عبد الرحیم شیرازی سمیت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تمام ملزمان پہلے سے بہتر گریڈ اور مراعات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو وفاقی محتسب ٹیکس لگا کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کا انعام دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران کا یہ طریقہ واردات ہے کہ وہ سرکاری عہدیداروں سے سیاسی مخالفین کو نقصان پہنچا نے کا کام لیتے ہیں اور پھر بطور رشوت انہیں ترقیاں اور آؤٹ آف ٹرن مراعات دیتے ہیں۔خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ شہباز شریف نے پنجاب میں اپنے غیر قانونی احکامات پر عمل کروانے کیلئے 56کمپنیاں بنانے کے ساتھ ساتھ ہر اہم پوسٹ پر جونئیرز کو سنیئرز پر مسلط کیا اور اب  یہ سارے راز ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ احد چیمہ ،ڈاکٹر توقیر شاہ اور فواد حسن فواد کے پاس شریف برادران کی کرپشن اور جرائم کی مکمل ای سی جی،ایکسرے اور فرانزک رپورٹیں اور سارا کچا چٹھا ہے۔احد چیمہ تو پکڑا گیا ڈاکٹر توقیر شاہ اور فواد حسن فواد کے پکڑے جانے کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تمام رازوں سے بھی پردے اٹھ جائینگے ۔