ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت واجد ضیا کی عدم حاضری پر 2 بجے تک ملتوی

 
0
442

اسلام آباد اپریل 23(ٹی این ایس): احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کی عدم موجودگی کے باعث 2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔سماعت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز پیش ہوئے جو آج صبح ہی لندن سے وطن واپس پہنچے ہیں۔پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 2 بجے تک ملتوی کردی گئی جس کے بعد احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کو جانے کی اجازت دے دی۔عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت بھی کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت میں نواز شریف اور مریم نواز کی 7 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔مریم نواز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ لندن میں کلثوم نواز کی ریڈیو تھراپی کی جارہی ہے اور اس موقع پر نواز شریف اور مریم نواز کا وہاں ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ حلف لیتا ہوں اگر عدالت استثنیٰ دے تو اس کا غلط استعمال نہیں کیا جائے گا۔ جب بھی عدالت طلب کرے گی ملزمان حاضر ہوں گے۔تاہم عدالت نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی آج عدالت میں پیش ہوئے تھے۔