قائم مقام چیرمین بلدیہ غربی کا میونسپل کمشنر کے ہمراہ شب برات کے حوالہ سے جاری کاموں کا معائنہ

 
0
417

کراچی، اپریل 30(ٹی این ایس): قائم مقام چیرمین بلدیہ غربی نے میونسپل کمشنر اشفاق احمد ملاح کے ہمراہ شب برات کے حوالہ سے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ قائم مقام چیرمین بلدیہ غربی عزیز اللہ آفریدی نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ اورنگی ،سائٹ ،بلدیہ ،کیماڑی اور سرجانی ٹاؤن میں موجودقبرستانوں میں انتظامات کاجائزہ لیا جبکہ موقع پر موجود اراکین کونسل نے اپنے اپنے علاقوں میں شب برات کے انتظامات کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

قائم مقام چیرمین نے اراکین کونسل کو یقین دہانی کرائی ہے کہ چاروں زونز اور سرجانی یونین کونسل یوسف گوٹھ اور معمار آبادمیں شب برات کے موقع پر قبرستان آنے والے زائرین کی سہولت کیلئے گزرگاہوں کی مرمت و درستگی، قبرستانوں کے اندر جھاڑیوں کی کٹائی اور روشنی کی فراہمی کیلئے ہائی ماسک لائیٹس کی تنصیب کے کام مکمل کےئے جارہے ہیں جبکہ قبرستان آنے والے زائرین کیلئے ٹھنڈے پانی اور مشروبات کے ساتھ ساتھ قبرستانوں میں استقبالیہ کیمپس بھی قائم کئے جائیں گئے۔
اس موقع پر موجود بلدیاتی افسران نے قائم مقام چیرمین کو بلدیہ غربی میں شب برات کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اورنگی ،بلدیہ ،سائٹ ،کیماڑی زون اور سرجانی یونین کونسل یوسف گوٹھ اور معمار آبادمیں شب برات کے موقع پر عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی ، روشنی کی فراہمی کیلئے اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و تبدیلی قبرستانوں میں جھاڑیوں کی کٹائی ،راستوں کو ہموار کرنے اور روشنی کے انتظامات قبل از وقت مکمل کرنے کیلئے چاروں زونوں کے افسران اور عملہ شب روز مصروف ہیں ۔