بہتر نظم و نسق کسی بھی حکومت کی کامیابی کے لئے بنیادی شرط ہے،حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد افسران کی دلچسپی کے بغیر ممکن نہیں،محمد زبیر

 
0
298

 

کراچی،دسمبر 06(ٹی این ایس) : گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ بہتر نظم و نسق کسی بھی حکومت کی کامیابی کے لئے بنیادی شرط ہے،حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد افسران کی دلچسپی کے بغیر ممکن نہیں،افسران کی تربیت کے مختلف کورسز سے افسران کی انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے، چیلنجز سے نمٹنے کے لئے افسران کی مسلسل تربیت نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں فارن سروسز اکیڈمی میں زیر تربیت 25 ویں جونئیر ڈپلومیٹک کورس کے غیر ملکی سفارت کاروں کے 27 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔

ملاقات میں صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کلیدی کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں سفارت کاروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے، کامیاب سفارت کاری سے دو ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے ، سرمایہ کاری ، مشترکہ منصوبے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ میں بھی سفارت کاری اہم ثابت ہو تی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور خطہ کا اہم شہر ہے،امن و امان کے قیام کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں، غیرملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح عکاس ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر مزید سراہا جانا چاہئے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد تمام ممالک پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کریں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہورہی ہے ،جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے،سی پیک پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، منصوبہ کی تکمیل کے بعد کراچی اور گوادر کو خطہ میں نمایاں کردار حاصل ہو گا جبکہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہونگے جس سے غربت کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے امن کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں اور نا قابل تلافی نقصان بھی اٹھایا ، موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو اس وقت بھی ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور بجلی کے سنگین بحران نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی لیکن حکومت نے عوام کے وسیع تر مفاد میں ٹھو س اقدامات اٹھائے اور آج ان کے نتائج سب کے سامنے ہیں ، ملک میں امن و امان قائم ہو چکا ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، نجی سیکٹر فعال کردار ، نئی صنعتوں کے قیام اور تجارتی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے لوگوں کو ملازمت کے مواقع دستیاب ہو رہے ہیں جبکہ بجلی کے بحران کا تقریباً خاتمہ کردیا گیا ہے عنقریب پاکستان نہ صرف اپنی طلب بلکہ ضروریات سے زائد بجلی پیدا کرنے میں بھی کامیاب ہو جائے گا ۔