میانمار کی فوج ریاست کاچین میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہے،بیان
نیویارک مئی 2(ٹی این ایس)اقوام متحدہ کی ایک اعلیٰ اہلکار نے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار کی ریاست کاچین میں خونریزی اور ملکی فوج کی طرف سے شہریوں کے خلاف طاقت کے بیجا استعمال کا سلسلہ بند کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میانمار میں انسانی حقوق سے متعلق عالمی ادارے کی نمائندہ خصوصی یانگ ہی لی نے گزشتہ روز کہا کہ میانمار کی فوج چین کے ساتھ سرحد کے قریب ریاست کاچین میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کاچین کے شہری علاقوں میں ملکی مسلح افواج کی طرف سے فضائی حملوں، توپ خانے سے گولہ باری اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال فوراً بند کیا جانا چاہیے۔