صحافت کا عالمی دن،اس سال کے ابتدائی 4ماہ میں 32 صحافی زندگی کی بازی ہارگئے

 
0
373

برسلز مئی 4( ٹی این ایس) رواں سال کے ابتدائی 4ماہ میں 32 صحافی زندگی کی بازی ہارگئے۔ یہ بات 3مئی کو آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صحافتی تنظیموں کی جانب سے بتائی گئی۔ تنظیموں کے مطابق صحافیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 30 اپریل صحافیوں کے لیے بہت سخت دن تھا جب افغانستان میں 2 واقعات میں 10 صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ انٹرنیشنل فیڈریشن برائے جرنلسٹس کے مطابق 2018ء میں اب تک 32 صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔ آئی ایف جے کے اعداد و شمار کے مقابلے میں یہ تعداد گزشتہ سال جنوری سے لے کر مئی تک ہلاک کیے جانے والے صحافیوں سے ایک تہائی زیادہ ہے۔ کئی صحافتی تنظیمیں گزشتہ 2 دہائیوں سے صحافیوں کی ہلاکت، اغوا اور گمشدگی کے اعداد و شمار جمع کر رہی ہیں۔ اس ریکارڈ میں صحافیوں کے علاوہ ان کے مقامی مددگار، ترجمان اور ڈرائیورز شامل ہیں۔ آئی ایف جے کے مطابق گزشتہ سال 82 صحافیوں کو ہلاک کیا گیا تھا اور یہ تعداد پچھلے 10 برس میں سب سے کم تھی۔ زرائع کے مطابق گزشتہ سال کی کم تعداد اس لیے نہیں ہے کہ حالات بہتر ہوئے، بلکہ اس کی وجوہات کچھ اور ہیں۔ گزشتہ سال ہلاک ہونے والے صحافیوں میں زیادہ تعداد ان کی تھی جو سیاسی کرپشن اور منظم جرائم کے بارے میں تحقیق کر رہے تھے۔