اسلام آباد مئی 4(ٹی این ایس)احتساب عدالت کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایس ایس پی تشدد کیس میں نہ مقدمہ چلا ،نہ عمران خان پیش ہوئے ،نہ ہی ٹرائل ہوا اور فیصلہ عمران خان کے حق میں آگیا ،مجھے بیوی کی مزاج پرسی کے لیے جانے کی اجازت نہیں ملتی ،عمران خان طلب کیے جانے کے باوجود عدالت میں نہیں آتے ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے الیکشن میں تاخیر کا اشارہ دے دیا کیونکہ لاہور میں جلسے کے بعد عمران خان کو پتہ چل گیا ہے کہ انہیں عوام نے کوئی رسپانس نہیں دیا ،عمران خان ایمپائر کی انگلی پر اعتماد کرتے ہیں کیونکہ عوام کے انگوٹھوں ان کے حق میں نہیں ہیں ۔نواز شریف نے مزید کہا کہ الیکشن میں ایک گھڑی کی تاخیر بھی برداشت نہیں کریں گے ،موجودہ صورتحال میں شفاف الیکشن کے انعقاد سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے ۔













