ناہیدعباسی،صفدرعباسی کیخلاف آمدن سےزائد اثاثوں کی انکوائری کا حکم

 
0
333

اسلام آباد مئی 8(ٹی این ایس) : نیب نے پیپلزپارٹی کی منحرف رہنماء ناہید عباسی اورصفدرعلی عباسی کیخلاف آمدن سےزیادہ اثاثوں کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے،جبکہ نیب نے ریلوے کی اربوں روپے کی زمین فروخت کرنےکے الزام میں سیکرٹری پنجاب ریلوےٹریک لاہورکیخلاف بھی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب حکام کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پیپلزپارٹی کی منحرف رہنماء ناہید عباسی، صفدرعلی عباسی، معظم عباسی اورمنورعباسی کیخلاف آمدن سےزیادہ اثاثوں کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے۔ناہید عباسی اورصفدرعلی عباسی پر سرکاری زمین پرہاؤسنگ اسکیمیں بنانے کا الزام ہے۔ اسی طرح چیئرمین نے ریلوےکی اربوں روپےکی زمین فروخت کرنے کے الزام کی جانچ پڑتال کی بھی ہدایت کردی ہے۔
نیب نے افتخارگیلانی آف اوچ شریف اور سیکریٹری پنجاب ریلوے ٹریک لاہور کیخلاف انکوائری کا حکم دیا ہے۔ مزید برآںچیئرمین احتساب بیورو جسٹس(ر) جاوید اقبال نے آج سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف بھارت خطیر رقم بھجوانے کا نوٹس لے لیا ہے۔ نیب نے نوازشریف کیخلاف میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا ہے۔

اعلامیہ نیب کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگرکیخلاف مبینہ طورپر4.9 بلین ڈالررقم بھارت بھیجنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔جس پرچیرمین نیب نے نواز شریف اور دیگر کیخلاف جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگرکی جانب سے یہ رقم مبینہ طور پرمنی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوائی گئی۔منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارتی حکومت کے سرکاری خزانہ میں 4ارب 9 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم بھجوائی گئی ہے۔رقم کی منتقلی سے بھارتی حکومت کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات ورلڈ بینک مائیگریشن اینڈ ریمڈینس بک 2016ء میں موجود ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور دیگر کے اس غیرقانونی اقدام سے پاکستان کو نقصان جبکہ بھارتی حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے بھارت کو فائدہ پہنچا ہے۔