میڈیکل کالجز میں داخلوں کا معاملہ،عدالت عظمیٰ نے درخواستوں پر پی ایم ڈی سی و دیگر سے جواب طلب کرلیا

 
0
421

بعض کالجز طلبہ و طالبات کو دھمکا رہے ہیں،ضیا الدین اور دیگر کالجز کروڑوں روپے چندہ لیتے ہیں مگر فیسیں بھی لاکھوں میں ہیں، 18 ، 18 لاکھ روپے فیس وصول کر رہے ہیں،کچھ کالجز بیرون ملک طلبہ کی نشستوں پر مقامی طلبہ کو داخلے دے رہے ہیں: ڈائریکٹر ایف آئی اے

کراچی، جون 11 (ٹی این ایس):  عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں میڈیکل کالجز میں داخلوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب،پی ایم ڈی سی حکام پیش ہوئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ زائد فیسیں لینے والے کالجز سے 75 کروڑ وصول کر چکے ہیں،عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر اصغر خان کیس میں تحقیقات ملیں،جس پر مشکورہیں۔اس دوران چیف جسٹس کا سینئر وکیل مخدوم علی خان سے دلچسپ مکالمہ بھی ہوا ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ بعض کالجز طلبہ و طالبات کو دھمکا رہے ہیں،ضیا الدین اور دیگر کالجز کروڑوں روپے چندہ لیتے ہیں مگر فیسیں بھی لاکھوں میں ہیں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایسے کالجز کے سربراہوں کو طلب کر لیتے ہیں ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ بعض کالجز 18 ، 18 لاکھ روپے فیس وصول کر رہے ہیں،کچھ کالجز بیرون ملک طلبہ کی نشستوں پر مقامی طلبہ کو داخلے دے رہے ہیں ،سندھ میں بھی بعض میڈیکل کالجز کا برا حال ہے۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بچوں کے مستقبل کو خراب نہیں ہونے دیں گے، تمام کالجز سے زائد فیسیں واپس دلوائیں گے ۔جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے معائنے کی رپورٹ بھی پیش کی گئی،جس میں کہا گیا کہ جناح میڈیکل ڈینٹل کالج 2012ء کے ریگویشن کے مطابق نہیں۔عدالت نے جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے سی ای او کو نوٹس جاری کردیے ۔عدالت کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی سی ملک بھر کے میڈیکل کالجز کا معائنہ جاری رکھے۔عدالت نے تمام میڈیکل کالجز کے معاملات یکساں کر دیے۔ عدالت نے درخواستوں پر پی ایم ڈی سی و دیگر سے جواب طلب کرلیا ۔عدالت نے سماعت 2 ہفتے کے لیے اسلام آباد میں مقرر کی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی سی فعال اور غیر امتیازی کام کر رہا ہے کیونکہ ڈاکٹر عاصم پی ایم ڈی سی کو اب نہیں چلا رہے۔