عدالت عظمیٰ کا10 فیصد سے زائد بھارتی مواد دکھانے والے ٹی وی چینلز اور کیبل آپریٹرز کے خلاف2 دن میں کارروائی کا حکم

 
0
402

’ہم ٹی وی‘سارا دن بھارتی شو دکھاتا ہے، جیو اور کیبل والے بھی سارا دن بھارتی فلمیں، مواد دکھاتے ہیں ، پیمرا کارروائی کیوں نہیں کرتا ؟ یہ لوگ عید پر خوب فحاشی دکھائیں گے اس لیے پہلے ہی کارروائی کریں: چیف جسٹسس

ہم کارروائی کرتے ہیں مگر چینلز ہائی کورٹ سے حکم امتناع حاصل کرلیتے ہیں: چیئرمین پیمرا کا جواب

کراچی، جون 11 (ٹی این ایس): عدالت عظمیٰ نے10 فیصد سے زائد بھارتی مواد دکھانے والے ٹی وی چینلز اور کیبل آپریٹرز کے خلاف2 دن میں کارروائی کا حکم دے دیا۔ٹی وی چینلز پر غیر ملکی مواد دکھانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس پر چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ یہ لوگ عید پر خوب فحاشی دکھائیں گے اس لیے پہلے ہی کارروائی کریں،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں38 انٹرٹینمنٹ چینلز کو لائسنس دیے گئے ہیں، ان میں 23 چینلز غیر ملکی مواد دکھاتے ہیں،چینلز کو 10فیصد غیر ملکی مواد نشر کرنے کی اجازت ہے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ’ہم ٹی وی‘سارا دن بھارتی شو دکھاتا ہے، جیو والے بھی بھارتی مواد دکھاتے رہتے ہیں، پیمرا کارروائی کیوں نہیں کرتا ؟‘ کیبل والے بھی سارا دن بھارتی فلمیں دکھاتے ہیں۔ چیئرمین پیمرا کا کہنا تھا کہ ہم کارروائی کرتے ہیں مگر چینلز ہائی کورٹ سے حکم امتناع حاصل کرلیتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے تمام ہائی کورٹس کو غیرملکی موادنشر کرنے سے متعلق تمام مقدمات10 دن میں نمٹانے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے شاہراہ فیصل سمیت کراچی کی تمام شاہراہوں سے اشتہاری دیواروں کو مسمار کرنے کا حکم دے دیا‘ عدالت نے آئندہ اشتہاری مقاصد کے لیے دیواریں قائم کرنے پر پابندی عائد کردی۔ عدالت عظمیٰکراچی رجسٹری میں شاہراہوں پر اشتہاری دیواروں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سی ای او کنٹونمنٹ نے بتایا کہ اشتہاری کمپنیوں کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نوٹس سے کچھ نہیں ہوگا ‘کارروائی کریں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایف ٹی سی کے سامنے دیوار بناکر شہر کی خوبصورتی کو ختم کردیا گیا‘جگہ جگہ ایسی دیواریں بنائی جا رہی ہیں۔ سی ای او کراچی کنٹونمنٹ کا کہنا تھا کہ بعض دیواریں دفاعی مقاصد کے لیے بنائی گئی ہیں۔ عدالت نے تمام اشتہاری دیواریں منہدم کرکے 10روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا