جامعہ کراچی: اساتذہ کی الیکشن ڈیوٹی مخالفت دم توڑ گئی، انتظامیہ نے انتخابی عمل میں تعاون کے لیے مزید 500 سے زائد تدریسی عملے کی فہرست ڈپٹی الیکشن کمشنر کو جمع کرادی

 
0
292

کراچی، جون 11 (ٹی این ایس):  جامعہ کراچی اساتذہ کی الیکشن ڈیوٹی مخالفت دم توڑ گئی،جامعہ انتظامیہ نے انتخابی عمل میں تعاون کے لیے مزید 500 سے زائد تدریسی عملے کی فہرست ڈپٹی الیکشن کمشنر کو جمع کرادی ہے،ضلعی الیکشن کمشنر انتخابی تربیت جامعہ میں دینے کو تیار،صوبائی الیکشن کمشنر نے دو ٹوک کہہ دیا کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ نے ڈیوٹی نہ دی تو ان کیخلاف کارروائی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی جانب سے جامعہ اساتذہ کی عام انتخابات میں ڈیوٹیاں لگانے کی مخالفت دم توڑ گئی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر نے جامعہ کراچی کے اساتذہ کی استثنا کی درخواست کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ نے الیکشن میں ڈیوٹی نہ دی تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انجمن اساتذہ کی جانب سے الیکشن ڈیوٹی کی مخالفت کرنے پر جامعہ انتظامیہ شدید پریشانی کا شکار ہے اور اس سے متعلق جامعہ انتظامیہ ڈپٹی الیکشن کمشنر شرقی سے متعدد ملاقاتیں بھی کرچکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ انتظامیہ نے ڈپٹی الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جامعہ انتظامیہ الیکشن عمل میں مکمل تعاون کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ انتظامیہ نے موقف اپنایا ہے کہ کیونکہ 15 مئی سے جامعہ کراچی میں تعطیلات ہیں جس کے باعث اساتذہ کو الیکشن ڈیوٹی سے متعلق آگاہ کرنے میں مشکلات آ رہی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ انتظامیہ نے 500 سے زائد ریسرچ آفیسرز اور ٹیچنگ اسسٹنٹ سمیت 500 سے زائد مزید اساتذہ کی فہرست ڈپٹی الیکشن کمشنر کو جمع کرادی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی الیکشن کمشنر نے جامعہ کراچی کے اساتذہ کو انتخابی تربیت جامعہ میں ہی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے رجسٹرار ماجد ممتاز کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ڈیوٹی دینا قومی فریضہ ہے اور جامعہ کراچی 45 فیصد سے زائد کی خدمات دینے کو تیار ہے، ڈپٹی الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمشنر نے جامعہ انتظامیہ کے خدشات کو سنا اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔