مقبوضہ کشمیر ٗبھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالا نوجوان غیر ملکی دہشت گرد نہیں ٗ ہمارا بیٹا ہے ٗاہلخانہ مدثر

 
0
360

سرینگر02جولائی (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں 29جون کو ضلع کپواڑہ کے جنگل علاقے ٹنگہ ٹاپ پربھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے ایک نوجوان کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے سرینگر کے پریس انکلیومیں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہونے والا نوجوان کوئی غیر ملکی دہشت گرد نہیں بلکہ ان کا بیٹا مدثر احمد بٹ ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے شہید نوجوان کی میت ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔مدثر کے والد غلام احمد بٹ نے کہاکہ مدثر 16دسمبر کوسرینگر کے علاقے پرانے برزلہ میں اپنے گھر سے کسی کام کے لیے باہرگیا اور فون پر مسلسل اپنے گھروالوں کے ساتھ رابطے میں تھا ۔ جنوری میں ان کا فون بند آنے لگا۔ اہلخانہ نے صدر پولیس سٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ انہوں نے کہا کہ 29جون کی شام کو ہم نے سنا کہ مدثر کو بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ہے اور ہم نے اپنے ذرائع سے اس کی تصدیق کرائی۔ ہم مقامی پولیس سٹیشن گئے اور ان کو اپنی معلومات کے بارے میں بتایا۔ غلام محمد نے کہا کہ 30جون کوہم ضلع کپواڑہ میں کرالہ پورہ پولیس سٹیشن گئے۔ وہاں پولیس نے بتایا کہ شہید ہونے والا نوجوان ایک غیر ملکی تھااور اس کو دفن کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ان کے پاس شہید نوجوان کی کوئی تصویر نہیں ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ شہید نوجوانوں کو ضلع کپواڑہ کے جنگل علاقے زرہامہ میں دفن کیا گیا ہے۔ لوگوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے میتوں کو دفن کرنے کے لیے چند شہریوں کوبلایا اور پولیس سمیت کسی کو میتوں کی تصویر کھینچنے کی اجازت نہیں دی۔