سیاسی فیصلے عدالتوں کے ذریعہ کرنے کے نتائج ملک کے لیے بہتر نہیں ہوں گے، سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ(ن) سندھ 

 
0
319

 

25جولائی کو عوامی عدالت سے آیا فیصلہ تمام فیصلوں کو بہاکر لے جائے گا ۔میاںنواز شریف کے لیے جیل کی صعوبتیں نئی چیز نہیں ہیں، خواجہ طارق نذیر

کراچی جولائی 06(ٹی این ایس) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے میاں نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے فیصلے کو بدترین سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی فیصلے عدالتوں کے ذریعہ کرنے کے نتائج ملک کے لیے بہتر نہیں ہوں گے ۔آج ملک کی جمہوریت پر کاری ضرب لگائی گئی ہے ۔مسلم لیگ کے کارکن اور ملک کے کروڑوں عوام اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے ہیں ۔25جولائی کو عوامی عدالت سے آیا فیصلہ تمام فیصلوں کو بہاکر لے جائے گا ۔میاںنواز شریف کے لیے جیل کی صعوبتیں نئی چیز نہیں ہیں ۔عدالت کو میاں نواز شریف کی فیصلے کو موخرکرنے کی درخواست کا احترام کرنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر میاں نواز شریف کو سزا سنائے جانے کے خلاف کیے جانے والے بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مظاہرے میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت ۔مظاہرین نے نواز شریف کے حق میں نعرے بلند کیے اور ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ کروڑوں عوام کے محبوب قائد کو ایک مرتبہ انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔آمر پرویز مشرف کے دور میں بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ان کو نام نہاد طیارہ ہائی جیکنگ میں کیس 14سال قید کی سزا سنائی گئی لیکن وقت نے ثابت کیا کہ سیاسی رہنماؤں کے فیصلے عدالتوں سے نہیں عوامی عدالت سے ہوتے ہیں ۔نواز شریف نے کٹھن وقت کا جواں مردی کے ساتھ مقابلہ کیا اور نہ صرف ان کی سزا کالعدم قرار دی گئی بلکہ وہ تیسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے ۔

خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ہمارے معاشرے میں بیٹیوں کا خاص احترام کیا جاتا ہے لیکن یہاں مریم نواز شریف کو عدالتوں میں گھسیٹا گیا اور اب ان کو جیل بھیج کر پیغام دیا جارہا ہے کہ اگر ملک میں کوئی جمہوریت ،عوام کے حقوق اور لوگوں کو شعور دینے کی کوشش کرے گا اس کا یہی انجام ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کو سزا دینے سے مسلم لیگ (ن) کمزور نہیں ہوئی مزید مضبوط ہوگی اور اب میاں نواز شریف کا پیغام مزید تیزی کے ساتھ عوام تک پہنچے گا ۔مسلم لیگ (ن)کی قیادت اور کارکن نواز شریف کی قیادت پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں ۔وہ آزمائش کی اس گھڑی میں نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔مسلم لیگ (ن) اس فیصلے کے بعد پنجاب سمیت ملک بھر سے انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف ہمت ،جرات اور بہادری کا دوسرا نام ہے ۔نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے کی بات کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔نواز شریف کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے ۔اہلیہ کی بیماری کے باعث وہ لندن میں موجود ہیں اور ان کی طبعیت بہتر ہوتے ہی وہ واپس وطن آئیں گے ۔قید و بند کی صعوبتیں نواز شریف کو ان کے مشن سے نہیں ہٹاسکتی ہیں