چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی صدارت میں فل کورٹ اجلاس

 
0
1335

اسلام آباد جولائی 07(ٹی این ایس ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی صدارت میں فل کورٹ اجلاس ہفتہ کو سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس مشیر عالم، جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس سردار طارق محمود، جسٹس فیصل عرب، جسٹس اعجاز الحسن، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحیٰی آفریدی کے علاوہ ارباب محمد عارف رجسٹرار سپریم کورٹ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والے نئے ججوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان معزز ججوں کی تعیناتی سے ادارہ کو فائدہ ہو گا۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ اس اجلاس کا مقصد سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے اور عدالت کو درپیش مسائل اور خوش اسلوبی سے امور کار کو چلانے پر غور کرنا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 6 ستمبر 2017ء سے 30 جون 2018ء تک عدالت نے 19 ہزار 98 میں سے 16 ہزار 897 مقدمات نمٹائے۔اس وقت 39 ہزار 317 کیس زیر التوا ہیں۔ انہوں نے فل کورٹ سے کہا کہ وہ کیس مینجمنٹ کی بہتری کے لئے حکمت عملی اور تجاویز دیں۔

فل کورٹ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے تجویز کردہ رولز 1980 میں ترامیم پر بھی غور کیا اور متفقہ طور پر جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جس میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں جو تجاویز دیں گے۔ چیف جسٹس نے عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے ججوں کے عزم کو سراہا۔ اجلاس میں عدلیہ کی ورکنگ سے متعلقہ جوڈیشل اور انتظامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔