نیب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل پر مشاورت جاری ہے ، وکلاء قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے رہے ہیں، مریم نواز

 
0
387

کوئی امید تو نہیں لیکن عدالتی فیصلے کے خلاف ڈیو پراسس کو اپنایا جائے گا، ہم 10 دن کی مہلت سے پہلے ہی پاکستان چلے جائیں گے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی لندن میں میڈیا سے گفتگو
لندن جولائی 07(ٹی این ایس ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل پر مشاورت جاری ہے اور وکلاء قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے رہے ہیں،اب کوئی امید تو نہیں لیکن عدالتی فیصلے کے خلاف ڈیو پراسس کو اپنایا جائے گا،ہم 10 دن کی مہلت سے پہلے ہی پاکستان چلے جائیں گے۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق ہفتہ کو یہاں لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں سے تحقیق کرا نے پر سب کچھ واضح ہو جائے گاکیونکہ برطانوی ادارے تو پہلے ہی پاکستانی اداروں کو بتاچکے ہیں کہ برطانوی قوانین کے مطابق کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوا اس لیے ہم آپ کی کوئی مدد نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں تو کہتی ہوں کی یہاں سے ضرور تحقیق کرنی چاہیئے جو بڑی اچھی بات ہے لیکن وہ کبھی ایسا نہیں کریں گے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ برطانوی حکومت سے ان تمام معاملات میں معاونت مانگنے سے سارا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم 10 دن کی مہلت سے پہلے ہی پاکستان چلے جائیں گے۔