پشاور:یکاتوت خود کش حملہ میں شہداء کی تعداد 14 تک پہنچ گئی، سانحہ کی ویڈیو فوٹیج  منظر عام پر آ گئی

 
0
10537

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے یکاتوت میں ہوئے  خودکش بم دھماکے  میں شہید ہونے والوں کی تعداد  14 تک پہنچ گئی ہے۔ دیشتگردوں کی طرف سے یہ حملہ کل شام اسوقت کیا گیا جب  وہاںعوامی نیشنل پارٹی( اے این پی) کی  انتخابی  مہم کے سلسلہ میں  کارنر میٹنگ ہورہی تھی۔

حملہ میں  عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور سمیت  14 افراد شہید جبکہ 47 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

زور دار دھماکے سے پورے علاقے میں افراتفری پھیل گئی ،دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ،پاک فوج کی ٹیمیں بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔

اس دھماکے کی ویڈیو بھی منظرعام پر آ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی لرز اٹھا ہے اور پورا ملک سوگ میں ڈوبا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اے این پی رہنماءاور کارکنان کارنر میٹنگ میں مصروف ہوتے ہیں کہ اچانک سٹیج کے قریب زوردار دھماکہ ہوتا ہے اور پھر چیخ و پکار شروع ہو جاتی ہے۔