’لیگی کارکنان کےخلاف کارروائی انہیں انتخابات سے روکنے کی کوشش ہے‘رہنما مسلم لیگ ن سردار نسیم

 
0
340

لاہور جولائی 11(ٹی این ایس)مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار نسیم کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے لیگی کارکنان کے خلاف مقدمات اور انہیں اٹھانے کا سلسلہ پارٹی کو انتخابات سے روکنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے درخواست کی ہے کہ وہ لیگی کارکنان اور حمایتیوں کے خلاف پولیس کی ’غیرمنصفانہ اور بلاجواز‘ کارروائی کا نوٹس لیں۔سردار نسیم نے بتایا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی حمایت میں ریلی نکلالنے پر پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر میں سیکٹروں کی تعداد میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا جبکہ پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں کو ان کے گھروں سے اٹھانا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو پولیس کی جانب سے ڈرانے اور دھمکانے کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھیں گے، کیونکہ لیگی کارکنان نے سابق صدرِ مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی حمایت نہیں چھوڑی تھی، اور وہ آج بھی کسی صورتحال سے خوفزدہ نہیں ہیں۔