آصف زرداری کیخلاف کردارکشی کی مہم پرانا حربہ ہے ،سعید غنی 

 
0
535

میڈیا ٹرائل سے پیپلزپارٹی کا راستہ روکنے کی مہم ناکام ہوگی ،ایف آئی اے نے ڈیڑھ کروڑ روپے کا نوٹس بھیجا ،ڈھنڈورا 35ارب کا پیٹا جا رہا ہے،بیان 
اسلام آباد،جولائی 12 (ٹی این ایس):پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف کردارکشی کی مہم پرانا حربہ ہے میڈیا ٹرائل سے پیپلزپارٹی کا راستہ روکنے کی مہم ناکام ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈرامائی انداز میں پیپلزپارٹی کی قیادت کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے ڈیڑھ کروڑ روپے کا نوٹس بھیجا جبکہ میڈیا پر ڈھنڈورا 35ارب کا پیٹا جا رہا ہے۔

پیپلزپارٹی کے مخالفین کے چہروں پر بلاول بھٹو کی مقبولیت کا خوف صاف نظر آرہا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے پاکستان پیپلزپارٹی سے مخاصمت رکھتے ہیں اور اسی مخاصمت کی بنیاد پر نجف مرزا کو جے آئی ٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر حربوں کے باوجود بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کا راستہ روکنا بھٹو مخالفین کے لے مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ آصف علی زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی ایجنڈا ہے۔ ایک طرف فوجی آمر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جاتا ہے اور ان کا شناختی کارڈ بھی بحال کیا جاتا ہے۔ یہ ڈرامہ بند کرنا ہوگا۔ قوم کو بیوقوف بنانے کا وقت گزر چکا۔