آئی جی پنجاب نے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کیا ہے
لاہور جولائی 13(ٹی این ایس):پنجاب پولیس نے سعد رفیق سمیت (ن) لیگ کے دیگر رہنماؤں کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد وطنی واپسی کے موقع پر لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت بیشتر مقامات کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا ہے جب کہ پولیس کی جانب سے (ن) لیگ کے کارکنان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
زرائع کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس کلیم امام کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے 7 رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جب کہ ایک کو گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق خواجہ سعد رفیق، میاں مرغوب، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، ملک سیف الملوک اور وحید عالم خان کی 30 روز کے لیے نظر بندی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہیکہ (ن) لیگی رہنماؤں کی وجہ سے شہر میں نقص امن اور توڑ پھوڑ کا خدشہ ہے، (ن) لیگی افراد کی تقاریر سے اشتعال پسندی کو بھی فروغ ملے گا۔اس کے علاوہ مسلم لیگ کے رہنما حاجی رانا بختیار کو گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے اور ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔