فاٹا اور پاٹا کے عوام سے کیے گئے وعدے وفاق پورے کرے گا‘نگراں وزیرِ اطلاعات علی ظفر

 
0
478

اسلام آباد جولائی 18(ٹی این ایس): نگراں وزیرِ اطلاعات علی ظفر کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبے کے زیرِ انتظام سابقہ قبائلی علاقے فاٹا اور پاٹا کے عوام سے کیے گئے وعدے وفاقی حکومت پورے کرے گی۔وفاقی دارالحکومت میں نگراں وفاقی کابینہ کی جانب سے سابقہ فاٹا اور پاٹا کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران نگراں وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ فاٹا کی عوام سے منافع پر انکم ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے مکینوں سے بجلی کی مد میں سیلز ٹیکس بھی وصول نہیں کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فاٹا اور پاٹا میں وعدے کے مطابق رقوم خرچ کی جائیں گی جبکہ وفاق اور صوبے سے ملنے والے فنڈز صرف فاٹا کے لیے استعمال ہوں گے۔نگراں وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ فاٹا میں ٹیکس کے نظام سے متعلق بھی کابینہ میں فیصلہ ہوا جس کے مطابق فاٹا میں انضمام کے بعد ابھی کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا اور پاٹہ علاقوں میں ٹیکس کے حوالے سے اس کی پہلے والی پوزیشن ہی برقرار رہے گی، تاہم ٹیکس قوانین کے حوالے سے کچھ تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔نگراں وزیرِاطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ فاٹا کا انفرااسٹرکچر جادو کی چھڑی سے مکمل نہیں ہو سکتا، فاٹا میں وہی قانون نافذ ہوگا جو پورے ملک میں ہے۔واضح رہے کہ 18 جولائی کو نگراں وزیرِ اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔