کراچی:واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے افتتاح کے لیے چیف جسٹس  آف پاکستان کی آمد کے موقع پر جاوید بحریہ سوسائٹی ہاکس بے روڈ کے مکینوں کا مظاہرہ

 
0
602

دس سالوں سے کوئی اتھارٹی ایسی نہیں چھوڑی جس سے پانی کی فریاد نہ کی ہو، کهارا پانی 1000 گیلن 2000 روپے میں خریدنے پر مجبور ہیں ، چیف جسٹس  ہمارے اس  مسلہ کو حل کریں : مظاہرین کا مطالبہ

کراچی، جولائی  23 (ٹی این ایس): واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے افتتاح کے لیے چیف جسٹس  آف پاکستان کی آمد کے موقع پر جاوید بحریہ سوسائٹی ہاکس بے روڈ کے مکینوں نے جاوید بحریہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق، کمانڈر عجم خان، حبیب الرحمن خان، روئوف بلوچ کی قیادت میں گذشتہ دس سالوں سے جاوید بحریہ سوسائٹی کو پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار صاحب سے اپیل کی کہ ہم نے دس سال سےکراچی اور سندھ کی تمام اتھارٹیز بشمول ڈپٹی کمشنر، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ، چیئرمین واٹر کمیشن جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم سے درخواست کی کہ ہمارا پانی کا مسئلہ حل کروا دیں، ہم نے پچهلے دس سالوں سے کوئی اتھارٹی ایسی نہیں چھوڑی جس سے پانی کی فریاد نہ کی ہو، آج تک کسی بھی جگہ سے مثبت جواب نہیں ملا، ہمیں نہ تو لائن سے پانی مل ریا ہے، نہ ہی واٹر ٹینکر کے ذریعے کسے ہائڈرینٹ سے صاف پانی مل رہا ہے اور ہم ساکران کا کهارا پانی 1000 گیلن 2000 روپے میں خریدنے پر مجبور ہیں اور فی گهر کو ماہانہ 15 سے 30 ہزار صرف کهارا پانی خریدنے پر خرچ کرنے پڑتے ہیں.

پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق نے چیف جسٹس سے گزارش کی کہ برائے مہربانی آپ  اور جسٹس امیر ہانی مسلم چیئرمین واٹر کمیشن سپریم کورٹ  ہمارے پانی کے اس دیرینہ مسئلے کا کوئی مناسب حل نکال دیں جس کے لئے ہم اہلیانِ جاوید بحریہ ہاوسنگ سوسائٹی آپ کے مشکور ہونگے اور آپ کے بچوں اور آپ کی آئندہ نسلوں کو خوب دعائیں دیں گے- ہمیں امید ہے کہ ہمیں پانی کے حصول جیسا بنیادی حق دلانے میں آپ بهرپور کردار ادا کریں گے-