این اے 60 میں الیکشن کے التوا کا معاملہ، شیخ رشید کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

 
0
406

راولپنڈی جولائی 23(ٹی این ایس)شیخ رشید نے این اے 60 راولپنڈی کا انتخاب ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔شیخ رشید کی طرف سے عبدالرازق ایڈوکیٹ نے لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں میرے مخالف امیدوار حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، امیدوار کو سزا ہونے پر الیکشن ملتوی نہیں ہوسکتا، کسی امیدوار کو عدالت سے سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بُھگتیں ؟ درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر25 جولائی کو انتخاب کرانے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدرکو سزا پر حلقوں کا الیکشن ملتوی نہیں ہوا، درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔