ریاض میں سعودی وزارت خارجہ کے نئے ابلاغی اور میڈیا مرکز کا افتتاح

 
0
456

مہمانوں کو نئے مرکز کے قیام کے مقاصد اور اس کے کام کے طریق کار کے بارے میں ایک فلم دکھائی گئی
ریاض24جولائی(ٹی این ایس)سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے دارالحکومت الریاض میں اپنی وزارت کے تحت نئے ابلاغی اور میڈیا مرکز کا افتتاح کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس موقع پر منعقدہ تقریب میں عادل الجبیر اور دوسرے شرکاء کو اس نئے مرکز کے قیام کے مقاصد اور اس کے کام کے طریق کار کے بارے میں ایک فلم دکھائی گئی۔اس فلم میں نئے ابلاغی اور میڈیا مرکز کے عملہ ،ان کے مواد کی نگرانی اور تجزیے سے متعلق فرائض وذمے داریوں اور استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا گیا اور انھیں آگاہ کیا گیا کہ عملہ دنیا کی بائیس مختلف زبانوں میں ڈیجیٹل مواد تیار کرتا ہے

اور اس کی سوشل میڈیا کے نیٹ ورکس پر تشہیر کی جاتی ہے۔عادل الجبیر نے تقریب کے شرکاء سے تقریر میں کہا کہ وزارت ایک ٹیم کے طور پر کا م کررہی ہے ۔اس لیے کسی ایک شعبے یا انتظامیہ کی کامیابی ہرکسی کی کامیابی گردانی جاتی ہے۔انھوں نے میڈیا مرکز کی کارکردگی اور وزارت کے دوسرے محکموں کی مدد سے گذشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو سراہا۔اس مرکز کے جنرل مینجر احمد الطویان کے مطابق ان کے ہاں زیادہ تر سعودی نوجوان کام کررہے ہیں ۔ان کی کارکردگی کی بدولت سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر ا ب سعودی وزارت خارجہ کی بھرپور نمائندگی اور موجودگی ہے۔ اس کا شمار سوشل میڈیا پر درجہ بندی کے اعتبار سے زیادہ سرگرم دنیا کی خارجہ امور کی وزارتوں میں ہوتا ہے۔