حسن عسکری کی الیکشن کے پر امن انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد

 
0
502

لاہور جولائی 26(ٹی این ایس)نگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے صوبے میں الیکشن کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ اور پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں ووٹرز کو آزادانہ حق رائے دہی کے بھر پور مواقع فراہم کیے گئے۔حسن عسکری کا کہنا تھاکہ نگراں حکومت نے عملی کارکردگی سے غیر جانبداری کو ثابت کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اورپولیس نے عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں نے پرامن انتخابات کیلئے بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج ،پولیس اوردیگر اداروں نے سرتوڑ محنت کی ۔ڈاکٹرحسن عسکری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تاریخی انتخابات کے غیر جانبدارانہ انعقاد میں کردارادا کرنے والوں کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔شفاف ،غیر جانبدارانہ اورپرامن انتخابات کے انتظامات میں تعاون کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے پرامن انتخابات کے ذریعے باشعور ہونے کا ثبوت دیا ہے۔