چوہدری شجاعت، چوہدری پرویز الٰہی، اور مونس الٰہی  کی  عمران خان سے ملاقات، مبارکباد پیش ،بھرپور حمایت کا اعلان

 
0
831

اسلام آباد ، جولائی31(ٹی این ایس): مسلم لیگ (ق) نے عمران خان کے منشور سے اتفاق کرتے ہوئے وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی، اور مونس الٰہی نے عمران خان سے ملاقات کی جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت نے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور مرکز اور صوبے میں تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کیلئے عمران خان کے منشور سے متفق ہیں، پنجاب اور مرکزمیں حکومت کی تشکیل میں معاونت کریں گے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی سے مکالمے میں ان کی تعریف بھی کی اور کہا کہ آپ نے پنجاب کی بہت خدمت کی ہے اور اپنے د ور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، شہباز شریف نے آپ کے اچھے منصوبوں کو بند کروا دیا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کی بہتری کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دے رہے ہیں، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس لئے دونوں جماعتیں مل کر ملک کی بہتری کیلئے کام کریں گی۔