چینی سفیر کی عمران خان سے ملاقات، عام انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کو مبارکباد، معیشت، سفارت اور عالمی معاملات میں معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کی

 
0
435

اسلام آباد، جولائی31(ٹی این ایس): چینی سفیر نے عام انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے معیشت، سفارت اور عالمی معاملات میں معاونت جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے قانون کی بالادستی کی حمایت کرتے ہیں۔

چین کے سفیر نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور الیکشن میں کامیابی پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے بانیان کی جدوجہد کا تاریخ میں منفرد مقام ہے۔ ملاقات کے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ چینی سفیر نے انتخابات میں جیت کے بعد عمران خان کے خطاب میں چین سے متعلق خیالات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہ چین معیشت، سفارت اور عالمی معاملات میں پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔ چینی سفیر نے غربت کے خاتمے کیلئے عمران خان کے وژن کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے قانون کی بالادستی کی حمایت کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چینی سفیر کا بھرپور خیرمقدم کیا اور تہنیتی پیغامات اور نیک تمناﺅں کے اظہار پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ دیکھتے ہیں، چین کیساتھ ماحولیات کے تحفظ، ایکوسولائزیشن کیلئے اشتراک میں دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ غربت کے خاتمے کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔