اسلام آباد،اگست 01 (ٹی این ایس): میاں اسلم اقبال وزیراعلی پنجاب کیلئے فیورٹ امیدوار بن گئے، شاہ محمود قریشی کے مطالبے پر ضمنی انتخابات تک پنجاب کا عبوری وزیراعلی لائے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کا تخت حاصل کرنے کیلئے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے درمیان رسہ کشی جاری ہے۔ تاہم گزشتہ روز سے تحریک انصاف نے نمبرز گیم میں مسلم لیگ ن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پنجاب میں غیر متوقع فتح کے باعث تحریک انصاف کے کئی رہنما پنجاب کی وزارت اعلی کے امیدوار بن کر سامنے آگئے۔ ان امیدواروں میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، علیم خان اور یاسمین راشد شامل ہیں۔ شاہ محمود قریشی پنجاب اسمبلی کی نشست ہارنے کے باوجود پنجاب کا وزیراعلی بننے کیلئے بضد ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے اسی باعث وزارت خارجہ کا عہدہ لینے سے بھی معذرت کر لی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں فی الحال عبوری وزیراعلی لائے جا۔ بعد ازاں وہ ضمنی الیکشن لڑ کر پنجاب اسمبلی کی نشست حاصل کر لیں گے۔ پنجاب اسمبلی کا حصہ بننے کے بعد پنجاب کی وزارت اعلی انہیں سونپ دی جائے۔ اس حوالے سے تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان نے منگل کے روز لاہور سے منتخب ہونے والے میاں اسلم اقبال سے ون آن ون ملاقات کی ہے۔ اس دوران عمران خان نے میاں اسلم اقبال سے پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ ممکنہ طور پر پنجاب کے وزیراعلی کے نام کا اعلان کل تک کر دیا جائے گا۔