دیامر: سیشن جج کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ ،محفوظ رہے، دہشتگرد گرفتار ساتھی کو بھی چھڑا کر لیجانے کی غیر مصدقہ اطلاعات، مقامی انتظامیہ معلومات سے بے خبر

 
0
421

گرلز سکولوں کو جلانے اور دھماکہ خیز مواد سے اڑانے والے شرپسند عناصر کےخلاف سرچ آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک، دو  گرفتار

گلگت، اگست 05(ٹی این ایس):دیامرکے علاقے تانگیر میں سیشن جج ملک عنایت کی گاڑی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی تاہم سیشن جج حملے میں محفوظ رہے ۔باوثوق ذرائع کے مطابق جسٹس ملک عنایت الرحمن گزشتہ رات شہید ہونے والے پولیس اہلکار عارف حسین کے نماز جنازہ میں شرکت کے لئے جارہے تھے۔ جوں ہی وہ تانگیر کی  حدود میں داخل ہوئے پہاڑوں پر چھپے دہشتگردوں نے دونوں طرف سے فائرنگ شروع کردی جس سے کئی گولیاں گاڑی پر لگی خوش قسمتی سے ملک  عنایت الرحمن محفوظ رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد گرفتار ساتھی کو بھی چھڑا کر فرار ہو گئے ہیں تاہم جی بی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ابھی تک واقعے کی تصدیق نہیں کی۔

گلگت بلتستان کی ضلعی انتظامیہ بھی اس بارے میں معلومات فراہم نہیں کر رہی، حکومتی زعماء کا کہنا ہے کہ انھیں بھی کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں

میڈیا رپورٹس کے مطابق چلاس میں گرلز سکولوں کو جلانے اور دھماکہ خیز مواد سے اڑانے والے شرپسند عناصر کےخلاف سرچ آپریشن جار ی ہے جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد مارا گیاجبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا اور ان سے تفتیش جاری ہے ،

واضح رہے کہ چلاس اور دیامر میں شرپسندوں نے 2 روز قبل 12 گرلز سکولوں میں توڑ پھوڑ کر کے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اڑا دیا تھا جبکہ کچھ سکولوں میں آگ بھی لگا دی تھی جس کے بعد پولیس نے داریل اور اس کے گردونواح میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ رات گئے نواحی گاؤں تانگیر میں سرچ آپریشن کے دوران کمین گاہ میں چھپے شرپسندوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔