پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کو متنازع بیان دینا مہنگا پڑگیا، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہ بنائے جانے کا امکان 

 
0
2983

کراچی، اگست 07 (ٹی این ایس): پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کو متنازع بیان دینا مہنگا پڑگیا۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور نومنتخب رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کو متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف متنازع بیان دینا مہنگا پڑگیا۔ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے فردوس شمیم نقوی سے ان کے بیان پر باز پرس بھی کی ہے جبکہ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ متنازع بیان دینے کی پاداش میں فردوس شمیم نقوی کو اب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہیں بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے مل جائے عددی اکثریت بڑھ جائے گی۔ ایم کیو ایم 16 نشستیں، جی ڈی اے کی 10 نشستیں اور پی ٹی آئی کی 23 نشستیں ہیں۔ ایم کیو ایم اور جی ڈی کے ممبران کی تعداد 26 ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لئے خرم شیر زمان کو اپوزیشن لیڈر بنایا جاسکتا ہے جبکہ فردوس شمیم نقوی کے پاس پارلیمنٹ کا تجربہ بھی نہیں ہے۔